(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کے شہری دفاع کے ادارے نے بتایا ہے کہ اسے گزشتہ روز ہفتے سے صبرا کے علاقے میں پھنسے ہوئے درجنوں شہریوں کی جانب سے مسلسل امدادی کالیں موصول ہو رہی ہیں جن کے گھروں کو قابض اسرائیل نے اس وقت بمباری سے ملبے کا ڈھیر بنا دیا جب وہ ان کے اندر ہی موجود تھے۔
شہری دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تباہ شدہ مکانات کے ملبے تلے شہداء، شدید زخمی اور کئی زندہ افراد بھی محصور ہیں لیکن قابض اسرائیل ہماری امدادی ٹیموں کو وہاں تک پہنچنے کی اجازت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔
بیان میں عالمی برادری اور متعلقہ اداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قابض اسرائیل پر دباؤ ڈالا جائے تاکہ ہماری ٹیمیں محصور شہریوں تک پہنچ سکیں اور زخمیوں کو بروقت نکال کر ان کی جانیں بچائی جا سکیں۔