مقبوضہ فلسطین کے سنہ 1948 ء کے علاقوں کی نمائندہ تنظیم اسلامی تحریک کے سربراہ اور بزرگ فلسطینی مذہبی و سیاسی رہ نما علامہ الشیخ رائد صلاح نے محصورین غزہ کی امداد کے لیے ایک بڑی امدادی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب غزہ کی پٹی میں حماس کی حکومت کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے شیخ رائد صلاح کی مہم کا خیر مقدم کرتےہوئے عالم اسلام سے ان کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصٰی کے تحفظ کے لیے مسلسل قربانیاں دینے کے باعث "شیخ الاقصٰیٰ” کا لقب پانے والے علامہ رائد صلاح نے ہفتے کے روز شمالی فلسطین میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محصورین غزہ کی امداد ہم سب کا فرض ہے۔ ہم غزہ کے محاصرے کے خاتمےاور محصورین کے لیے امدادی سامان جمع کرنے کی نئی مہمات شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی عوام سے امدادی مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کی اپیل کی۔
شیخ صلاح کا کہنا تھا کہ وہ غزہ کے محصورین کے لیے خوراک، ادریہ، کپڑے اور ضرورت کی دیگر اشیاء کی فراہمی کی مہم چلائیں گے اور امدادی سرگرمیاں اس وقت تک جاری رکھی جائیں گی جب تک غزہ کی پٹی کا معاشی محاصرہ ختم نہیں کردیا جاتا۔
درایں اثناء فلسطینی حکومت کے ترجمان ایھاب غصین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ حکومت شیخ رائد صلاح کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتی ہے۔ وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے شیخ صلاح کی مساعی کی تعریف کی ہے اور فلسطینی عوام سے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین