غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑنے والے فلسطینی احمدد غازی ابو جبل کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نمازجنازہ اور اس کے آخری دیدار کے لیے عوام کا ایک جم غفیر امڈ آیا تھا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمال مغرب میں بحری ناکہ بندی توڑنے کی 22 ویں کوشش کےدوران اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 30 سالہ احمد غازی ابو جبل کو شدید زخمی کردیا تھا۔
زخمی فلسطینی کو مغربی غزہ میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس میں منتقل کیا گیا تھا۔ وہ گذشتہ روز اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق شہید کے جنازے کا جلوس الشفاء اسپتال سے چلا جس میں ہزاروں شہری شریک تھے۔ شہید کو الشجاعیہ کے شہداء اسپتال میں سپرد خاک کردیا گیا۔
خیال رہے کہ ابو جبل کو اسرائیلی فوج نے 29 جنوری کو شمالی غزہ میں بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کےدوران گولیاں ماری تھیں جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا تھا۔
گذشتہ منگل کو غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 15 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔
غزہ کی پٹی میں 30 مارچ 2018ء سے جاری مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے 263 فلسطینی شہید اور 27 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔ زخمیوں میں سے 500 کی حالت اب بھی خطرےمیں ہے جب کہ 11 شہداء کے جسد خاکی اسرائیلی فوج نے اپنی تحویل میں لے رکھے ہیں۔