غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے مکین محصور فلسطین کے خلاف ایک نئی جنگ مسلط کردی ہے اور اس نے حماس کے نام پر سوموار کو مختلف اہداف کو فضائی بمباری میں نشانہ بنایا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ انھوں نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی کے تمام علاقے میں حماس کے اہدا ف کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔اس نے غزہ شہر کے مغرب میں حماس کے ایک بحری ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے اور شمال میں ایک تربیتی کیمپ پر بمباری کی ہے
لیکن ان دونوں جگہو ں کو پہلے ہی خالی کروا لیا گیا تھا اور حماس نے کئی گھنٹے پہلے غزہ کے مکینوں کو اسرائیل کے فضائی حملوں کے بارے میں خبردار کردیا تھا ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شمالی ہدف پر تین میزائل داغے گئے ہیں۔
قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اسرائیل کی جانب فلسطینی علاقے سے راکٹ حملے کے جواب میں سخت کاروائی کی دھمکی دی تھی۔اسرائیلی علاقے میں راکٹ گرنے سے سات افراد زخمی ہوگئے تھے۔