امدادی سامان لیکر غزہ آنے والے آئرلینڈ اور کینیڈا کے دو بحری جہاروں پر اسرائیلی قبضے کے جواب میں اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے عرب لیگ سے غزہ کا محاصرہ ختم کروانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ’’حماس محاصرے میں گھری فلسطینی قوم کی مدد کو آنے والے دو امدادی بحری جہازوں پر سوار عالمی رضاکاروں پر عالمی پانیوں میں اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ حملہ تمام عالمی قوانین اور بین الاقوامی معاہدات کی خلاف ورزی تھا جس میں ظالمانہ اور جابرانہ محاصرے میں گھرے اہل غزہ کے لیے امدادی سامان لیکر آنے والوں کو ہدف بنایا گیا ہے‘‘
حماس کا کہنا تھا کہ غزہ کا محاصرہ جاری رکھنے اور غزہ آنے والے تمام عالمی رضا کاروں پر پے در پے حملے کر کے اسرائیل اپنے اندوہناک جرائم کی فہرست میں مسلسل اضافہ کیے جا رہا ہے۔ ظلم وبربریت کی انتہا کردینے کے باوجود وہ فلسطینی قوم کو اپنے وطن کی آزادی اور ہموطنوں کی وطن واپسی کے مطالبے سے منحرف نہیں کر سکتا۔
اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے بائیس عرب ممالک کی تنظیم عرب لیگ اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس غزہ کی پٹی کے ظالمانہ اسرائیلی گھیراؤ کے خاتمے کے لیے فی الفور عملی اقدامات اٹھائیں۔