یہودی آبادکاروں کے ہاتھوں مسجد اقصی کی بے حرمتی پر شمالی غزہ سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ایک رہنما نے مقبوضہ فلسطین کے تمام شہریوں سے اسرائیلی قبضے کے خلاف نئی انتفادہ تحریک شروع کرنے کو کہا ہے-
گزشتہ روز ایک پریس ریلیز میں محمد ابو عسکر نے کہا کہ حماس مسجد اقصی کے تحفظ کیلئے غزہ کی پٹی کے تمام علاقوں میں بڑے بڑے احتجاجی جلوسوں کا انعقاد کرے گی- انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ ایک دن وہ (خدانخواستہ) مسجد اقصی کو ملبے کا ڈھیر بنتا دیکھیں، تمام عرب اور مسلم ممالک کو اس مقام مقدسہ کے تحفظ کیلئے اٹھ کھڑے ہونا چاہیے- ابو عسکر نے تمام فلسطینی مزاحمتی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اشتعال انگیز اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہو جائیں- دریں اثناء فلسطینی دانشوروں کی تنظیم نے مزید سنگین اقدامات خاص طور پر قابض اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے ہیکل سلیمانی کی تعمیر کیلئے مسجد اقصی کو گرائے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے- یاد رہے کہ ’’اقصی انتفادہ تحریک‘‘ بھی 2000ء کے اس مہینے میں اس وقت شروع ہوئی تھی جب مجرمانہ ذہنیت کے حامل اسرائیلی وزیر اعظم ایریل شیرون کے حکم پر مسجد اقصی کی عمارت پر دھاوا بول دیا گیا تھا- دانشوروں کی تنظیم نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ فلسطینی عوام اپنے مقدس مقامات اور اپنے حقوق کیلئے، امن مذاکرات جیسے خوش نما نعروں کی آڑ میں اہل مغرب کی تضحیک آمیز ڈکٹیشن کے خلاف ایک اور انتفادہ کیلئے تیار ہیں-