غزہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ پر ایک بار پھر وحشیانہ طریقے سے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید اور 41 کو زخمی کردیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی پابندیوں کے خلاف اور حق واپسی کی حمایت میں نکالی گئی ریلی پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 14 سالہ بچہ یوسف سعید الدایہ شہید اور 41 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والے فلسطینی بچے کا تعلق مشرقی غزہ کی زیتون کالونی سے بتایا جاتا ہے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق جمعہ کے روز نماز جمعہ کے بعد غزہ میں نکالی جانے والی ریلی پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نےغزہ میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں سیکڑوں شہری دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔
واضح رہے کہ غاصب اسرائیل نے سن دو ہزار چھے سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ وہاں بنیادی اشیا کی ضرورت کی ترسیل کی راہ میں شدید رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں غزہ کے فلسطینیوں کو غذائی اشیا، ادویات اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔