غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ پٹی میں فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح اسرائیل کے ساتھ سرحد کے نزدیک مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک 20 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا۔
واضح رہے کہ فلسطینی عوام آج ہفتے کے روز اسرائیل کے ساتھ غزہ پٹی کی سرحد پر ’’حق واپسی ریلیوں‘‘ کا ایک سال مکمل ہونے کا دن منا رہے ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ فلسطینی نوجوان محمد جہاد سعد اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد بیساکھی کے سہارے پر تھا۔ وہ سرحد سے 200 میٹر کی دوری پر پہنچا تو اسرائیلی فوجیوں نے اس کو نشانہ بنا کر فائرنگ کر ڈالی۔
عینی شاہدین کے مطابق ہفتے کو صبح سویرے 30 نوجوان غزہ شہر کے مشرق میں سرحدی باڑ کے نزدیک جمع ہو گئے تھے۔
قابض اسرائیلی فوج کے ترجمان نے واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
توقع ہے کہ آج ’’حق واپسی کی بڑی ریلیوں‘‘ کے سلسلے میں ہزاروں فلسطینی غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد کے مختلف مقامات پر احتجاج کے لیے اکٹھا ہوں گے۔