مغربی کنارے کے شمالی ضلع جنین کے معروف جنین کیمپ اور دیگر علاقوں پر اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے دھاوا بول دیا، صہیونی اہلکاروں نے متعدد گھروں میں گھس پر بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی اور اہل خانہ کو زدوکوب کیا۔
ذرائع کے مطابق متعدد گاڑیوں پر سوار اسرائیلی فوج کے اہلکاروں کے اس دھاوے پر طیش میں آئے فلسطینی نوجوانوں نے ان پر پتھراؤ شروع کیا جس سےدیکھتے ہی دیکھتے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد جنین کیمپ، الھدف اور وادی برقین کے علاقوں میں گھس گئی جہاں ان پر پتھروں اور گھریلو ساختہ پٹرول بموں کی برسات کر دی گئی جس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے اشک آور گیس کا استعمال شروع کر دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج کی متعدد گاڑیاں قباطیہ کے علاقے میں بھی گئیں جہاں پر اہلکاروں نے الشہداء گاؤں اور قباطیہ کےاطراف عارضی چیک پوائنٹ قائم کر کے فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں کو روکنا شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی فورسز کے اہلکار فلسطینیوں کی تلاشی کے دوران ان سے انتہائی ہتک آمیز رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔