بائیس ممالک پر مشتمل عرب لیگ نے تین سال قبل اسرائیل کی مسلط کردہ 23 روزہ جنگ میں مکمل طور پر تباہ ہو جانے والے غزہ کی تعمیر نو کی ذمہ داری عالمی برادری پر عائد کی ہے۔
عرب لیگ نے زور دے کر کہا کہ اسرائیلی محاصرے کی وجہ سے غزہ کے صحت، تعلیم، تعمیرات اور اقتصادیات کے شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ تین سال قبل اسرائیلی غارت گری میں غزہ کا سارا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔
27 دسمبر 2008ء کو غزہ پر آپریشن کاسٹ لیڈ کے نام سے اسرائیلی حملے کو تین سال مکمل ہونے کی مناسبت سے جاری اپنے بیان میں عرب لیگ نے کہا ’’آج اسرائیل میں پھر حملوں کی آوازیں بلند ہونے لگی ہیں اور ایک بار پھر غزہ پر جنگ مسلط کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں‘‘ عرب لیگ نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی بھیانک جرائم پر مجرمانہ خاموشی کی بنا پر اسرائیل مزید حملوں کے لیے جری ہوتا جا رہا ہے۔
عرب لیگ نے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور گروپ چار سےمطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر مسلط کردہ جنگ اور پانچ سال سے جاری غزہ کے ناجائز سکیورٹی حصار اور معاشی ناکہ بندی کی ذمہ داری قبول کریں۔ عرب لیگ نے فلسطینی قوم کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث اسرائیل کے محاسبے پر بھی زور دیا۔