غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی کی جنوبی سرحد پر سرحدی باڑ عبور کرنے کے الزام میں تین فلسطینیوں کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی ویب سائیٹ ’’0404‘‘ کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنوبی فلسطین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں میں سے ایک کو شدید زخمی حالت میں اسرائیل کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
ادھراسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی باڑ کے قریب سے تین فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تینوں فلسطینی سرحدی باڑ عبور کر کے 1948ء کے مقبوضہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی کا کہنا ہے کہ فوج کی ایک پارٹی نے دراندازی کرنے والے تین فلسطینیوں پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے فلسطینیوں میں سے ایک کے قبضے سے چاقو برآمد کیا گیا ہے۔ فلسطینی حکام کی طرف سے اس خبر پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔