ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوان نے ایک بار پھر غزہ کا دورہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ برلن سے انقرہ واپسی پر ائیرپورٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عنقریب غزہ کا دورہ کرینگے۔
ترک روزنامے زمان کے مطابق ایردوان نے ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ غزہ کے دورے کا عزم کیے ہوئے ہیں اور اس ضمن میں ان کی حکومت کے عہدیداران غزہ کے حکومت سے رابطے میں ہیں۔
اسرائیل کے ساتھ اپنے خراب تعلقات کے حوالے سے انہوں نے صہیونی ریاست سے تعلقات استوار کرنے کے لیے ایک بار پھر اپنی پیش کردہ تین شرائط پر قائم کرنے کا اعلان کیا۔ ان شرائط کے مطابق ترکی سے تعلقات بحال کرنے کے لیے اسرائیل کو 31 مئی 2010 کو غزہ کی جانب جانے والے عالمی امدادی قافلے فریڈم فلوٹیلا میں شریک ترک بحری جہاز ماوی مرمرہ پر حملے پر معافی مانگنا ہوگی، شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دینا ہوگا اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنا ہوگا
یاد رہے کہ ماوی مرمرہ پر اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے حملے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات انتہائی خراب ہیں۔ اس حملے میں 09 ترک رضا کار شہید ہو گئے تھے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین