تین عالمی نشریاتی اداروں نے کل منگل سے جنگ سے متاثرہ فلسطینی شہرغزہ کی پٹی کی بحالی اور تعمیرنو کے لیے عطیات کے لیے مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹی وی چینلز اپنی فنڈ ریزنگ مہمات کے دوران غزہ کی پٹی میں 14 سے 21 نومبر تک غزہ کی پٹی میں مسلط کردہ صہیونی جارحیت سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بارے میں بھی آگاہ کریں گے۔ آٹھ روز اس جارحیت میں 166 فلسطینی شہید1300 زخمی اور ہزاروں مکانات تباہ ہوگئے تھے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینیوں کی مدد کے لیے سرگرم تنظیم’’یورپی وفاء مہم‘‘ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کل منگل کو یورپ بھر میں نشریات دکھانے والے تین بڑے ٹی وی چینلز ایک ساتھ فلسطینیوں کی امداد کے لیے آگاہی مہمات شروع کریںگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو مالی امداد کےبارے میں زیادہ سے زیادہ ترغیب دلانے کے لیے غزہ کی پٹی میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹس بھی نشر کی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موسم سرما کی آمد اور جنگ کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں مکانات کی مسماری کے بعد ہزاروں خاندان بے گھرہوچکے ہیں جو سخت سردی کے موسم میں کھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پر مجبورہیں۔ ان متاثرین جنگ کی فوری بحالی اور امداد کے لیے ہنگامی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت دنیا بھرمیں موجود انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطینیوں کی امداد کے لیے کام کررہی ہیں۔ یورپی مہم نے بھی اس کا خیر میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹی وی چینلوں کے ذریعے مہم شروع کی جا رہی ہے۔ بیان کے مطابق آٹھ روزہ جارحیت کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں صہیونی جارحیت کے نتیجے میں ایک ارب 245 ملین ڈالرکا نقصان ہوچکا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین