فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں وزارت صحت کے زیراہتمام میڈیکل ایمرجنسی سروز نے اطلاع دی ہے کہ شہرمیں ایندھن، پٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والی تمام ایمبولینسیں بند ہو گئی ہیں۔ ان ایمبولینسوں کی شہر میں کل تعداد ستائیس ہے۔
ایمرجنسی سرسزکے ترجمان ادھم ابوسلیمہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ شہرمیں ایندھن کا بحران شدید تر ہو گیا ہے اورتمام پٹرول اسٹیشنوں سے پٹرول اور ڈیزل کی تمام اقسام غائب ہیں۔ انہوں نے عالم اسلام، عالمی برادری اور تمام زندہ ضمیر رکھنے والے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ محاصرہ زدہ شہرغزہ کی پٹی میں توانائی کے موجودہ بحران کو ختم کرانے میں مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہایت افسوس کے ساتھ یہ کہنے پر مجبورہیں کہ صہیونی حکومت اور مغربی کنارے میں رام اللہ حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی کو ایندھن کی فراہمی روکے جانے کے باعث ایمرجنسی سروز کی ستائیس گاڑیاں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ شہرمیں میڈیکل ایمرجنسی سروسز گذشتہ ایک ماہ سے پچاس فی صد ایندھن کے ذریعے کام چلا رہا تھا تاہم اب ایندھن کی شدید قلت کے باعث ان کی تمام ایمرجنسی گاڑیاں کام کرنا چھوڑ گئی ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں گذشتہ دو ماہ سے توانائی کا سنگین بحران طاری ہے۔ اس بحران کے نتیجے میں شہر میں نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین