شمالی غزہ کی پٹی بیت لاھیا میونسپلٹی میں قابض صہیونی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی کسان زخموں کی تاب نہ لا کر انتقال کر گیا۔
وزارت صحت غزہ کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اکیس سالہ مصطفی ابو جراد بیت لاھیا میں اپنے کھیت میں کام کر رہا تھا کہ اس پر صہیونی فوجیوں نے بلااشتعال فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ انہیں علاج کے لئے مقامی ہسپتال لایا گیا لیکن خون زیادہ بہ جانے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ڈاکٹر القدرہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ شہید نوجوان کو سر میں گولی کے شدید اور خطرناک زخم کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا۔ اسرائیل، ایسی متعدد کارروائیوں کے ذریعے مصر کی نگرانی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتا رہتا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین