بحرین کی مجلس قانون ساز کے اسپیکر خلیفہ بن احمد الظھرانی بدھ کے روز چھ سال سے اسرائیلی محاصرے میں گھرے ساڑھے سولہ لاکھ اہل غزہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے غزہ پہنچ رہے ہیں، پروگرام کے مطابق بحرینی پارلیمانی وفد رفح کراسنگ عبور کرکے مصر سے غزہ داخل ہونگے۔
غزہ میں فلسطینی مجلس قانون ساز کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ ماجد ابو مراد نے خبر رساں ایجنسی ’’قدس پریس‘‘ کو بتایا کہ فلسطینی پارلیمنٹ نے بحرینی وفد کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی اسپیکر احمد بحر رفح کراسنگ پر متعدد اراکین پارلیمان کے ہمراہ بحرینی وفد کا استقبال کرینگے۔ فلسطینی حکومت کے متعدد اعلی عہدیداران اور معروف شخصیات بھی وفد کے استقبال کے موقع پر موجود ہونگی۔ وفد تین دن تک غزہ میں رہیگا، اس دوران فلسطین کے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد سے ملاقاتیں کریگا۔
یاد رہے کہ ایک سال قبل فلسطینی مجلس قانون ساز نے الظھرانی کو غزہ آنے کی دعوت دی تھی، قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ بحرینی وفد اس موقع پر غزہ پہنچ رہا ہے جب عالم اسلام کے معروف رہنما ڈاکٹر علامہ شیخ یوسف قرضاوی بھی غزہ کے دورے پر ہونگے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلساطین