شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے زیر انتظام ایرز سرحدی پھاٹک پر صہیونی فوجیوں کے لمبے چوڑے سیکیورٹی اقدامات نے فلسطینی شہری کی جان لے لی۔
طبی ذرائع نے بتایا فلسطینی مریض صلاح صلوحہ، جو کہ پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ تھے، گزشتہ دو ہفتے سے نمونیا میں مبتلا تھے۔ علاج کی غرض سے انہیں غزہ ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا تھا، تاہم حالت زیادہ بگڑنے پر انہیں 48 کے مقبوضہ علاقے میں کارمل ہسپتال متنقل کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ قابض اسرائیلی حکام نے انہیں ایرز سرحدی پھاٹک کے ذریعے ‘اسرائیل’ داخلے کی اجازت دینے میں ٹال مٹول سے کام لیا۔ بسیار منت سماجت کے بعد انہیں جب اسرائیل داخلے کی اجازت دی گئی تو طویل سرچ اینڈ سیکیورٹی اقدامات کے باعث مریض کی حالت مزید بگڑ گئی اور وہ ایمبولینس گاڑی ہی انتقال کر گئے۔
یاد رہے متعدد بیمار فلسطینی، اسرائیلی سرحدی چوکیوں پر صہیونی فوج کے تاخیری حربوں کی وجہ سے صلاح صلوحہ کی طرح انتقال کر جاتے ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین