(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی انروا کے خاتمے کے خطرات سے خبردار کردیا۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے کہا ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مسلسل اقدامات عالمی برادری کی توہین ہیں، انروا کو کام سے روکنا غزہ کی بحالی اور سیاسی منتقلی کے کسی بھی امکان کو ختم کردے گا۔
انروا لاکھوں فلسطینی مہاجرین کے لیے امید کی کرن ہے، بطور اقوامِ متحدہ کے رکن ملک اسرائیل انروا کے کام میں مدد کرنے کا پابند ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ اسرائیل کو بطور قابض طاقت کسی بھی اقوام متحدہ کی سہولت کو بند کرنے کاحق نہیں، فلسطینیوں کے انروا کو ختم کرنے کی اجازت دینا جنگ بندی کے معاہدے کو خطرے میں ڈال دے گا۔
منیر اکرم نے کہا کہ انروا کی بقا اور موجودگی آج خطرے میں ہے، امید ہے جنگ بندی معاہدے کے تمام مراحل مکمل طور پر نافذ کیے جائیں گے، امید ہے جنگ بندی مستقل ہو جائے گی۔پاکستانی سفیر منیر اکرم نے انروا کے مشن کے لیے اپنے ملک کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔