خلیجی ریاست قطر کے فرمانروا الشیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی اہلیہ آئندہ چند دنوں کے دوران فلسطینی محصور شہرغزہ کی پٹی کا مختصردورہ کریں گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قطری خاتون اول کے دورہ غزہ کے بارے میں یہ اعلان غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کے مشیر عیسیٰ النشار نے کیا جو حال ہی سے قطر کے دورے سے واپس غزہ پہنچے ہیں۔
غزہ کی پٹی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر عیسیٰ النشار کا کہنا تھا کہ امیر قطر کی اہلیہ شیخہ موزہ بنت مسند کی قیادت میں دوحہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد غزہ پہنچے گا۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ شیخہ موزہ کس تاریخ کو یہ دورہ کریں گی۔ فلسطینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ امیر قطر کی اہلیہ اور قطری وفد کے استقبال کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔ النشار کا کہنا تھا کہ شیخہ موزہ کا دورہ غزہ مختصر اور اچانک ہوگا اور وہ کسی بھی وقت غزہ میں وارد ہوسکتی ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ غزہ کی پٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیں گی جو قطر کے تعاون سے روبہ عمل ہیں۔