فلسطینی وزارت مذہبی امور ڈاکٹر اسماعیل رضوان نے غزہ اسلامک ریلیف کمیٹی کے ڈائریکٹر انجینئر رامی مھانی اور مفتی اعظم آسٹریلیا کے دورہ غزہ کے کوآرڈینیٹر عبدالجباربوضلعا اورانکے ہمراہ آنے والے وفد کا اپنے دفتر میں پرتپاک استقبال کیا۔
ڈاکٹر رضوان کے ہمراہ ان کے مشیر ڈاکٹر ولید عویضہ اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر اسماعیل رضوان نے آسٹریلیا کے وفد کی غزہ آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بالخصوص غزہ میں ایسے وقت جب حال ہی میں اسرائیل نے یہاں بمباری کرکے دو سو کے قریب فلسطینیوں کو شہید، متعدد مساجد اور قبرستانوں کے ساتھ ساتھ وزارت اوقاف کے دفاتر کو بھی تباہ کر دیا ہے۔آسٹریلیا کے وفد کا یہ دورہ اسرائیل کے منہ پر طمانچے ثابت ہو گا۔ فلسطینی وزیر اوقاف نے غزہ میں تباہ ہونے والی مساجد، اسکولوں اور دینی تعلیمی اداروں کو فوری طور پر تعمیر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر آسٹریلیا کے وفد کے ہمراہ آنے والے بوضلعا نے بتایا کہ یہ وفد براعظم آسٹریلیا کے دارالافتاء کے چھبیس اراکین پر مشتمل ہے، وفد کی سربراہی براعظم آسٹریلیا کے مفتی اعظم کر رہے ہیں جو کل غزہ پہنچ جائیں گے۔ غزہ کی پٹی کے اپنے دو روزہ اس سفر کے دوران مفتی اعظم آسٹریلیا اسلامی مراکز، دارالقرآن والسنہ اور اسلامک یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ تباہ ہونے والی مساجد اور اوقاف کی عمارت کا بھی معائنہ کریں گے۔