فلسطین کے مرکزی الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے غزہ کی پٹی کے اپنے دورے کو "مثبت اور کامیاب” قرار دیا ہے۔
کمیشن کے سربراہ حنا ناصر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں ہمارا دو روزہ قیام اور مقامی فلسطینی عہدیداروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ کامیاب رہا۔ کمیشن نے مقامی حکام سے انتخابی ووٹر لسٹوں کی تیاری کے لئے مذاکرات کو انتہائی کامیاب قرار دیا۔
حنا ناصر نے الیکشن کے عہدیداروں کی فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ کی سربراہی میں دیگر سرکاری حکام سے ملاقات کو کامیاب قرار دیتے ہوئے بتایا کہ فلسطینی وزیر اعظم نے کمیشن کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں اپنے ذمے کام کی انجام دہی میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے غزہ کے سرکاری حکام کو ہدایت کی کہ وہ کمیشن کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہرممکن تعاون فراہم کریں۔
چیئرمین الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ ان کے نمائندوں سے غزہ میں فلسطینی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں کمیشن کے حکام نے ووٹر لسٹوں کی تیاری کے سلسلے میں بعض فنی امور کی وضاحت کی۔ انہوں نے فلسطینی سیاسی جماعتوں اور سوسائٹی کے نمائندہ افراد پر زور دیا کہ وہ ووٹر لسٹوں کی تیاری کی مکمل نگرانی کریں کیونکہ انہی کی بنا پر فلسطین کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین