(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی جانب سے روز مرہ کی بنیاد پر فلسطینی ماہی گیروں پر حملے کے رد عمل میں غزہ کی پٹی کے ماہی گیر سراپا احتجاج ہیں۔ بدھ کے روز غزہ کی پٹی میں سیکڑوں فلسطینی ماہی گیروں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روزماہی گیروں نے وسطی غزہ میں اقوام متحدہ کے علاقائی دفترکے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی بحریہ کی روزمرہ کی بنیاد پر جاری دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی تھی۔
غزہ کے ایک ماہی گیر وسام السلطان نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ماہی گیروں پر حملے اب روز کا معمول ہیں۔ آئے روز فلسطینی شہریوں پر سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرتے ہوئے انہیں گولیاں ماری جاتی ہیں۔
انہوں نے دو روز قبل اسدود بندرگاہ غزہ کی پٹی کے 10 ماہی گیروں کو حراست میں لینے اور ان کی کشتیوں کو ضبط کرنے کی شدید مذمت کی۔