غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) گذشتہ روز مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی نے فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ کا دورہ کیا اور اسرائیلی فوج کی حالیہ بمباری سے ہونے والی تباہی کا معائنہ کیا۔ گزشتہ روز ہی غزہ کی پٹی کے دور پر آیا مصری سیکیورٹی وفد ایریز گذرگاہ کے راستے واپس روانہ ہوگیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں غیرملکی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ان وفود کی آمد کا مقصد غزہ کی ناکہ بندی کا خاتمہ اور اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کے اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔
اقوام متحدہ کا وفد ایک ایسے وقت میں غزہ پہنچا ہے جب رواں ہفتے اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں 10 فلسطینی زخمی ہوئے اور بنیادی ڈھانچے کو غیر معمولی نقصان پہنچا تھا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب پر میزائل داغے گئے جس کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مصری وفد نے جنرل انٹیلی جنس چیف احمد فاروق کی قیادت میں غزہ کا دورہ کیا۔ اس دورے میں مصری انٹیلی جنس کے فلسطین کے امور کے سربراہ احمد عبدالخالق بھی موجود تھے۔
گزشتہ روز اقوام متحدہ کے مندوب نیکولایے میلا ڈینوف نے غزہ کا دورہ کیا۔