فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے صدر محمود عباس سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مفاہمتی معاہدے کے تحفظ کی خاطر مزید موثر اقدامات کریں،
تاکہ معاہدے کی تمام شرائط پر اس کے شیڈول کے مطابق عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے جمعہ کی شام صدر محمود عباس سے رابطہ کیا۔ بات چیت میں دونوں رہ نماؤں نے مفاہمت کا عمل آگے بڑھانے اور طے شدہ نکات پر عمل درآمد پراتفاق کیا۔
اسماعیل ھنیہ نے صدر محمود عباس پر زور دیا کہ وہ اعتماد سازی کے لیے مفاہمتی کوششوں کو سیاسی، معاشی اور سفارتی تحفظ فراہم کریں۔
دونوں رہ نماؤں نے مفاہمتی معاہدے پر ایک دوسرے کو مبارک باد بھی پیش کی اور امید ظاہر کی کہ بدھ کے روز غزہ سے جاری ہونے والے اعلامیے پر جلد از جلد عمل درآمد کر لیا جائے گا۔اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ بیرونی عناصر فلسطینیوں کے مابین قومی اتحاد کی بابرکت مساعی کو سبوتاژ کر سکتے ہیں۔ اس لیے ہمیں بیرونی ہاتھوں کو سازشوں سے روکنا ہو گا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین