غزہ کی پٹی میں قائم اسلامی یونیوسٹی نے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کی خدمات
کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے جاری کی گئی ڈگری جامعہ کی اعلیٰ ترین سند سمجھی جاتی ہے۔ یونیورسٹی کے بورڈ آف سیکرٹریزکے صدرانجینئرریاض الخضری نے جامعہ کی28 ویں تقریب تقسیم اسناد کے موقع پرتقریرکرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کو اس بات پرفخر ہےکہ اس میں زیرتعلیم رہنےوالا ایک طالب علم آج وزارت عظمیٰ کے عہدے پرفائز ہے۔ ایسے میں سابق طالب علم اورموجودہ وزیراعظم کی خدمات کے اعتراف میں یونیورسٹی انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری جاری کرنے کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتی ہے۔ انہوں نےاسماعیل ھنیہ کی بطورایک طالب علم، ایک طالب علم راہنما، حماس کے کارکن، رکن اورپھروزارت عظمی سمیت دیگر خدمات پران کی تعریف کی۔ خضری کا کہناتھا کہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ ملک میں سرکاری اورغیرسرکاری میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں جودرس گاہ کی کامیابی کی واضح علامت ہے۔ اس موقع پروزیراعظم نے یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اعزازی ڈگری دینے پرانتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اعزازی سندات اورتمغہ دیے جانے کو فلسطینی شہداء اور اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل قیدیوں کے نام کیا۔ انہوں نے کہا کہ اصل اعزاز کے مسحق وہ بچے، بوڑھے خواتین اور جوان ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کے لیے وقف کردیا۔