اسرائیلی اخبار”یدیعوت احرونوت” کی رپورٹ کے مطابق وزیردفاع موشے یعلون نے تعمیراتی سامان کی ترسیل کی نگرانی پرمامور ایٹن ڈانگوٹ کو اقوام متحدہ کے تعمیراتی ادارے کے لیے محدود پیمانے تعمیراتی سامان کی فراہمی کا حکم دیا ہے۔ یہ تعمیراتی سامان اسرائیلی فوج کے فضائی حملوںمیں مسمارہونے والی عمارتوں کی تعمیرنو کے منصوبوں پرصرف کی جائے گی۔
اخبارکی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی عہدیدار نےفلسطینی اتھارٹی کے عہدیداروں اور عالمی برادری کے مندوبین سے رابطہ کرکے تعمیراتی سامان غزہ کو بھجوانے کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ تعمیراتی سامان میں سیمنٹ، سریا اور دیگرضروری اشیاء شامل ہیں۔ یہ تعمیراتی سامان اسرائیلی فضائی حملوں میں تباہ ہونے والی عمارتوں اور برف باری سے متاثرہ عمارات کی تعمیرومرمت پرخرچ کیاجائےگا۔
ادھر غزہ کی پٹی میں "اونروا” کے ترجمان عدنان ابو حسنہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں تعمیراتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے تعمیراتی میٹریل غزہ روانہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کو تعمیراتی سامان کی روانگی کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔