اسرائیلی وزیردفاع موشے یعلون نے فلسطینی شہرغزہ کی پٹی سے اسرائیلی علاقوں میں راکٹ حملوں کے رد عمل میں اسلامی تحریک مزاحمت[حماس] کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مسٹریعلون نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی سے راکٹ حملوں پرسخت مشوش ہیں۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر راکٹ حملوں کا سلسلہ جاری رہا توغزہ کی حکمراں جماعت حماس کواس کے بھیانک نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کےخلاف غزہ کی پٹی میں دہشت گردی کے منصوبوں کو ناکام بنا چکےہیں۔ ہم اپنے خلاف کسی کوسازش کا موقع نہیں دیں گے۔ جو ہمارے اوپر حملہ کرے گا ہم اسے تباہ کردیں گے”۔
اسرائیلی وزیردفاع کی جانب سے یہ دھمکی اسوقت آئی جب قابض فوج غزہ کی پٹی پربمباری کررہی تھی۔ جمعہ کے روز قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں تین بچوں سمیت سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے درمیان گذشتہ چند روز سے کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس کی حکومت کی نگرانی میں مزاحمتی گروپ صہیونی مفادات پرراکٹ حملے کر رہے ہیں، تاہم فلسطینی تنظیموں اور حماس کا موقف ہے کہ اسرائیل 2012ء میں مصرکی مساعی سے طے پائے سیزفائرمعاہدے کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ آج منگل کواسرائیلی وزیراعظم نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی بلایا تھا لیکن حماس کوسنگین نتائج کی دھمکی پرمبنی ان کا بیان کابینہ کے اجلاس سے پہلے سامنے آیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین