اسرائیلی فضائیہ کا ایک بغیر پائلٹ جاسوس طیارہ بدھ کے روزغزہ کی پٹی کی فضاء میں دوران پرواز گر کرتباہ ہوگیا۔
غزہ کی پٹی میں فیلڈ آبزرویٹری کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جنوبی غزہ میں مصرکی سرحد سے متصل شہررفح میں پیش آیا۔ اسرائیلی نیوز ویب پورٹل”المطبق” کے مطابق ڈرون طیارہ اس وقت گر کرتباہ ہوا جب وہ سرحدی علاقے النہضہ کالونی اور مشرقی رفح کے درمیان فضاء میں محو پرواز تھا۔عینی شاہدین کے مطابق ڈرون طیارہ کے گرنے کے ساتھ ہی قابض فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کراس کے ملبے کی تلاش شروع کردی تھی۔ کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد یہودی فوجی ڈرون طیارے کا ملبے لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
خیال رہے کہ فلسطینی شہرغزہ کی پٹی کی فضاءمیں اسرائیل کے ڈرون طیاروں کی پروازیں کوئی نئی بات نہیں ہے اور نہ ہی گرنے والا یہ ڈرون کوئی پہلا جہاز ہے۔ اسرائیل ڈرون طیاروں کو فلسطینیوں کی جاسوسی اور فلسطینی مزاحمت کاروں پرقاتلانہ حملوں کے لیے مسلسل استعمال کرتا چلا آ رہا ہے۔ تین ماہ قبل بھی اسرائیل کا ایک ڈروان طیارہ شمالی غزہ میں گرکر تباہ ہوگیا تھا۔ اس طیارے کا ملبہ اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کے کارکنوں نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔
انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق سنہ 2004 ء کے بعد سے اسرائیل ڈرون طیاروں کو فلسطینی مجاہدین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرتا آرہا ہے۔ پچھلے نو سال کے عرصے میں ڈرون حملوں میں 640 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔