عبرانی نیوز ویب پورٹل "والا” نے اسرائیلی فوج کے ایک خفیہ مراسلے کا حوالہ دیا ہے جس میں فوجی افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ فوج غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی کھودی گئی سرنگوں کو تباہ کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔ خفیہ مراسلے کے مطابق یہودی آباد کاروں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کی خفیہ سرنگوں سے خوف زدہ ہرگز نہ ہوں کیونکہ فوج ان سرنگوں سے اچھی طرح ڈیل کررہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسی خفیہ مراسلے میں اس امر کی جانب بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی کھودی گئی سرنگوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ بھی ہوا ہے۔ غزہ کی سرحد کے ساتھ زیرزمین کھودی گئی سرنگوں کی خبریں منظرعام پر آنے کے بعد یہودی آباد کاروں میں اس حوالے سے سخت خوف اور دہشت بھی پائی جا رہی ہے۔ عام یہودی آباد کار زیرزمین سرنگوں کو دوسرے نہیں بلکہ درجہ اول کا بڑا خطرہ سمجھ رہے ہیں جبکہ فوج یہودی آباد کاروں کو مطمئن کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ خفیہ مراسلہ غزہ کی سرحد پر تعینات فوجی عہدیداروں کی جانب سے اپنے سینیئر افسران کو بھیجا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ہم پوری تند دہی کے ساتھ مزاحمت کاروں کی کھودی گئی سرنگوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں تباہ کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں یہودی کالونیوں میں موجود آبادی کو کسی قسم کا خوف نہیں ہونا چاہیے۔
خفیہ مراسلے میں یہودی آباد کاروں کی سینیئر قیادت سے کہا گیا ہے کہ وہ بھی عام افراد کو فلسطینیوں کی کھودی گئی سرنگوں کے خطرات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے بجائے اسے کم کر کے پیش کریں تاکہ یہودی آباد کار خوف کی فضاء سے باہر آسکیں۔