غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز مصر نے غزہ میں اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کے لیے جنگ بندی کی کوشش کی مگر اسرائیلی ریاست نے جنگ بندی کی مصری کوششیں مسترد کر دیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آج منگل کو علی الصبح غزہ میں متعدد مقامات پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے مختلف اہداف پر فضائی حملے کئے۔
رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں کئی مکانات تباہ ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چار بجے دیر البلح میں دو میزائل حملے کیے گئے۔
قبل ازیں 3 بج کر 20 منٹ پر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے بیت حانون، بیت لاھیا اور دیگر مقامات پر حماس اور اسلامی جہاد کے 15 مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔
صبح سوا تین بجے فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی تنصیبات پر راکٹ حملے کئے۔ سوا تین بجے اسرائیلی فوج نے توپ خانے سے شمالی بیت لاھیا پر گولہ باری کی۔ تین بج کر 10 منٹ پر عسقلان میں اسرائیلی ڈرون طیارے نے حملہ کیا۔ پونے تین بجے بیت حانون میں اسرائیلی بمباری سے ایک مسجد میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں مسجد شہید ہو گئی۔