فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی شہادتوں اور تباہی و بربادی کے خلاف عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف احتجاج جاری ہے۔
جمعرات کے روز برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قائم اسرائیلی سفارت خانے کے باہر ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پرغزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں کی شدید مذمت کی گئی تھی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق احتجاجی مظاہرے کا اہتمام برطانیہ میں کلب برائے فلسطین نامی تنظیم کی جانب سے کیا گیا تھا۔ برطانیہ فلسطین فورم وہاں پر موجود فلسطینی شہریوں کا ایک نمائندہ ادارہ ہے، جو عموما فلسطینیوں کے حقوق کی آواز اٹھاتا رہتا ہے۔
جمعرات کے روز احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فورم کے عہدیداران نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ یلغار سے ایسے لگ رہا ہے کہ اسرائیل دنیا کی واحد ریاست ہے جو کسی قانون اور قاعدے اور اصول کی پابند نہیں بلکہ ایک بے لگام ریاست ہے، جب اور جہاں چاہتی ہے بے گناہ لوگوں پر بم برسا کر انہیں ختم کر دیتی ہے۔ غزہ کی پٹی کے باشندے پچھلے چھ سال سے صہیونی ریاست کی ایک غیراعلانیہ جنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔
مقررین نے صہیونی ریاست کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی علمبردار دیگر بڑی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی ریاست کے جرائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
فلسطین فورم کے عہدیداروں اور مقامی سماجی تنظیموں کے رہ نماؤں نے فلسطینیوں کے حقوق کی فراہمی کے سلسلے میں عالمی برادری کی غفلت پر مبنی پالیسی کی بھی شدید مذمت کی گئی اور فلسطین میں اسرائیلی ناسور کے قیام میں صہیونی ریاست کے قیام میں مدد کرنے پر برطانوی حکومت کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین