غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے اسرائیلی جیلوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد پہلی بار فلسطینی قیدیوں نے کل جمعہ کے روز اجتماعی نماز جمعہ ادا کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اسیران اور اسرائیلی جیل انتظامیہ کے درمیان حال ہی میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت اسرائیلی حکام نے اسیران پر عائد کردہ پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا اور اس کے جواب میں فلسطینی قیدیوں نے اجتماعی بھوک ہڑتال معطل کر دی تھی۔
مرکز برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں حالات پرسکون ہونے کے بعد گذشتہ روز فلسطینی اسیران نے با جماعت نماز جمعہ ادا کی۔ اس سے قبل اسرائیلی حکام نے فلسطینی اسیران پر کئی اجتماعی پابندیاں اور انتقامی کارروائیاں شروع کی تھیں۔
عقوبت خانوں میں جیمرز نصب کرنے اور دیگر مواصلاتی آلات لگانے کے بعد اسیران اور انتظامیہ کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور اس کشیدگی کے دوران 100 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔