اسرائیل کی گزشتہ مسلسل چھ روز سے فلسطین کی غزہ سٹی خوفناک بمباری میں اب تک تیرہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، ایک تازہ اسرائیلی غارت گری
کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی زیر تسلط علاقے نقب پر راکٹ داغے جس کی زد میں آکر ایک صہیونی شدید زخمی ہوگیا ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ ہفتے کی صبح غزہ سے فلسطینی مزاحمت کاروں نے مقبوضہ نقب پر حملہ کیا جس سے ایک غاصب آباد کار شدید زخمی ہوگیا جسے ’’برزیلائی‘‘ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے اس حملے میں مختلف یہودی بستیوں پر کم از کم سولہ راکٹ داغے گئے۔
اسرائیلی ریڈیو نے بتایا کہ سیدیروت کی یہودی بستی پر ہفتے کی صبح نو راکٹ آگرے تاہم ان کی زد میں کوئی صہیونی نہیں آیا۔
اسرائیل کے مطابق جمعہ کی شام بھی غزہ کی پٹی سے 1948ء سے اسرائیلی زیر تسلط فلسطین (نام نہاد اسرائیلی ریاست) سات راکٹ برسائے گئے تھے۔ اسرائیلی روزنامے ’’یدیعوت احرونوت‘‘ کی ویب سائٹ پر نشر سٹوری کے مطابق جمعہ کی شام فلسطینی مجاہدین کی جانب سے داغے گئے تین میں سے ایک راکٹ عسقلان شہر کے قریب جبکہ دو اشکول کی ڈسٹرکٹ کونسل پر آکر گرا تاہم ان حملوں میں اسرائیل کا کوئی جانی و مالی نقصان نہ ہوا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین