غزہ کی وزارت داخلہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی تیاری کی تصدیق کردی ہے۔
غزہ کے وزیر داخلہ فتحی حماد نے قومی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے منعقد کی جانے والی فوجی پریڈ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی وزارت داخلی محاذ پر دفاع کرنے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اس زمین کے فلسطینی مکین ہمیشہ اس زمین کے دفاع کے لئے کوششیں کرتے رہیں گے اور تمام فلسطین کو آزاد کروا کر دم لیں گے اور تمام اسرائیلی جرائم اور بیت المقدس کو یہودیانے کی تمام کاوشیں ناکام ہوجائیں گی۔
اس موقع پر فلسطینی نیشنل فورسز کے کمانڈر میجر جنرل جمال الجراح نے کہا ہے کہ یہ فوجی پریڈ غزہ پر محاصرے میں سختی اور مسجد اقصٰی کو دی جانیوالی اسرائیلی دھمکیوں کی روشنی میں منعقد کی گئی ہے۔
اس پریڈ کا بنیادی مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ فلسطینی نیشنل سیکیورٹی فورسز ہمیشہ مسئلہ فلسطین کی وفادار رہے گی اور مقدس مقامات کا تحفظ کرے گی۔
اس پریڈ کے دوران فلسطینی نیشنل فورسز کے سینکڑوں مسلح افراد بھاری اسلحہ سے لیس ہوکر غزہ کی سڑکوں پر مارچ کرتے رہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین