مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق شمالی سینا کے مصری گورنر عبدالفتاح حرحور نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی‘‘ اے ایف پی‘‘ کو بتایا کہ بفرزون کے دوسرے مرحلے کی توسیع کا کام پیش آئند ہفتے شروع ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں عبد الفتاح حرحور نے بتایا کہ غزہ کی سرحد سے متصل جس علاقے کو بفر زون میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے وہاں پر مقیم شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ دفتر میں حاضر ہو کر اپنی اراضی اور مکانات سمیت دیگر املاک کے معاوضے کے لیے بات چیت کریں تاکہ جلد از جلد انہیں معاوضہ ادا کرنے کے بعد بفر زون کےقیام کے لیے مکانات کی مسماری کا عمل شروع کیا جا سکے۔
خیال رہے کہ مصری حکومت نے رواں سال اکتوبر میں غٖزہ کی سرحد سے متصل علاقے میں بفر زون کے قیام کا فیصلہ اس وقت کیا تھا جب شمالی سیناء میں نامعلوم افراد کے حملے میں تیس سے زائد مصری فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
مصری حکومت کا دعویٰ ہے کہ غزہ کی پٹی سے متصل سرحدی علاقے سے زمین دوز سرنگوں کے ذریعے فلسطینی سرحد کے آر پار جاتے ہیں۔ وہاں پر بفر زون کے قیام سے سرحد پار دراندازی کا سلسلہ ختم ہوسکے گا۔ تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ غزہ کی سرحد پر سرنگیں فلسطینی شہریوں کے لیے لائف لائن کا درجہ رکھتی ہیں کیونکہ اسرائیل کی ناکہ بندی کے بعد فلسطینی شہری ان سرنگوں کے ذریعے مصر سے اشیائے ضروریہ کی حصول کی کوشش کرتےرہے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
