غزہ میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں صحت کی صورتحال اور اسرائیلی محاصرے اور حملوں کی وجہ سے غزہ کے ہولناک حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد صدیق نے کہا کہ اسرائیلی محاصرے کی وجہ سے غزہ میں اشیاء ضروریہ کی شدید کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے فلسطینی بھائیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مصر غزہ میں ایک فیلڈ ہسپتال قائم کرنے کا خواہش مند ہے۔
انہوں نے کہا مصری صدر محمد مرسی نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے غزہ میں ہسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد مصری وزارت صحت نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام شروع کردیا ہے۔ یاد رہے کہ چار سال قبل اردن نے پہلی مرتبہ غزہ میں فیلڈ ہسپتال قائم کیا تھا۔ جسے چند ہفتے قبل اسرائیل نے غزہ پر اپنی آٹھ روزہ جارحیت کے دوران تباہ کردیا تھا۔