اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی میں جارحیت کے جواب میں مجاھدین نے صہیونی اہداف پر راکٹ حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں ایک فیکٹری تباہ ہوگئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق دو روز قبل اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں میں دو فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ دونوں کا تعلق قومی مزحمتی کمیٹیز کے عسکری ونگ ناصرصلاح الدین کے ساتھ بتایا جاتا ہے۔
کل ہفتے کے روز غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے مقبوضہ شہر سدیروت میں صلاح الدین بریگیڈ کے کارکنوں نے دو راکٹ حملوں سے ایک فیکٹری کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فیکٹری تباہ اور چار یہودی آباد کار زخمی ہوگئے۔
صلاح الدین بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سدیروت میں صہیونی مفادات پر حملہ دو کارکنوں کی فضائی حملوں میں شہادت کے جواب میں کیا گیا ہے۔ صہیونی فوج کی کارروائی میں تنظیم کے کمانڈر اسامہ المعروف محمد الفصیح اور ایک دوسرے مزاحمت کار شہید ہوگئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی سے دو راکٹ حملوں کے بعد ایک فیکٹری میں آتش زدگی کا اعتراف کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مزاحمت کاروں کے حملے میں ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی جس پر کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد قابو پالیا گیا ہے۔
اسرائیلی اخبار "یدیعوت احرونوت” کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں فیکٹری کو لگنے والی آگ نہایت خوفناک تھی جس کے شعلے دور دور سے دکھائی دے رہے تھے۔ راکٹ حملوں میں زخمی ہونے والے چاروں یہودی آباد کاروں کو اسپتال منتقل کردیا ہے جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین