اسلامی تعاون کونسل (او آئی سی) نے دنیا بھر کے مخیر حضرات سے غزہ کی پٹی میں نوجوانوں اور کھیل کے میدان میں تعمیر و ترقی کی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔ او آئی سی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ سال نومبر کے اسرائیلی حملے میں صہیونی فوج نے جان بوجھ کر کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کے مراکز کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی اس خوفناک بمباری سے کھیلوں اور نوجوانوں کی سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ منگل کے روز جاری اپنی رپورٹ میں او آئی سی کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں سبز میدانوں کی تعداد میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔
اس موقع پر اسلامی تعاون کونسل نے غزہ کی پٹی کے ساتھ عالمی اظہار یک جہتی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا اور نوجوانوں ، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں کے پراجیکٹس کے لیے تعاون کرنے کی حامی بھی بھری۔
غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران پر او آئی سی کا کہنا تھا کہ یہ بحران اب تک جاری ہے اور بتدریج بدتر ہوتا جا رہا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ بجلی کے بحران کے باعث چار شیر خوار بچوں کی موت کے بعد متبادل ذرائع سے بجلی کی پیدائش انتہائی ضروری ہو گئی ہے۔
بشکریہ:مزکزاطلاعات فلسطین