(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل غزہ پر نسل کشی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، اور آج صبح سے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں مزید فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
شمالی غزہ کے علاقے جبالیا البلد میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں 8 فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔شہر غزہ میں، فلسطینی ذرائع ابلاغ نے بتایا البلدیہ پارک پر اسرائیلی فضائی حملے میں 5 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوئے، جبکہ صیہونی افواج نے صفطاوی کے علاقے کو بھی توپ خانے سے نشانہ بنایا۔
وسطی غزہ میں النصیرات پر اسرائیلی حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 4 بچے شامل ہیں، اور دیگر زخمی ہو گئے۔
دیر البلح کے مغربی علاقے میں ایک گھر پر حملے میں شہداء کی تعداد بڑھ کر 5 ہو گئی ہے، فلسطینی میڈیا نے رپورٹ کیا۔
جنوبی غزہ میں، خان یونس کے مشرقی علاقے عبسان جدیدہ پر توپ خانے سے گولہ باری اور اسرائیلی ٹینکوں کی شدید فائرنگ ہوئی۔ اسی طرح، رفح شہر کے مواصی علاقے کو بھی اسرائیلی ٹینکوں نے نشانہ بنایا۔
غزہ کی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی وحشیانہ بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت 50 فلسطینی شہید اور 150 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں، 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 45,936 اور زخمیوں کی تعداد 109,274 ہو گئی ہے۔