(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ کے وزارت داخلہ کے ترجمان اياد البزم نے بتایا ہے کہ غزہ میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ آور وں کی شناخت کرلی گئی ہے۔
غزہ کے مقامی ٹی وی پر اپنے بیان میں ترجمان وزارت داخلہ اياد البزم نے بتایا ہے کہ پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی ہے تاہم تحقیقات اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ان کے پیچھے موجود دشمن فریقین تک رسائی حاصل نہ کرلی جائے اور بہت جلد ہم ان افراد تک پہنچ جائیں گے جواس مجرمانہ فعل کے پس پردہ ہیں جنہوں نے ان خودکش حملہ آوروں کو اس قبیح فعل کیلئے آمادہ کیا ۔
انھوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہوتے ہیں تمام ترتفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی، انھوں نے اس دہشتگردی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی اس بذدلانہ کارروائی کے پیچھے مقاصد صرف فلسطین کے اندرونی حالات کو خراب کرنے کے ساتھ ساتھ متحد فلسطین کے اتحاد کو خراب کرنا ہے جس میں دشمن کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکے گا۔
یاد رہے کہ منگل کی رات غزہ میں دو الگ الگ پولیس چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے کئے گئے جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ دو زخمی ہوئے تھے ۔