غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مصر کا ایک اعلیٰ اختیاراتی سیکیورٹی وفد گذشتہ روز غرب اردن کے راستے غزہ پہنچا جہاں وفد نے مقامی فلسطینی قیادت سے ملاقات کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مصری سیکیورٹی وفد رام اللہ میں فلسطینی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد ’’ بیت حانون ‘‘ گزرگاہ سے غزہ داخل ہوا۔
مقامی فلسطین ذرائع نے بتایا کہ مصری سیکیورٹی وفد نے غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ( حماس) کی قیادت سے ملاقات کی۔ بعد ازاں وفد اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب روانہ ہوگیا۔
خیال رہے کہ مصر فلسطینی دھڑوں بالخصوص حماس اور فتح کی قیادت کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بارہ اکتوبر2017ء کو مصر کی ثالثی کے تحت فلسطینی دھڑوں میں ایک مصالحتی معاہدہ طے پایا تھا مگر فلسطینی اتھارٹی کی ہٹ دھرمی اور تحریک فتح کی غیر لچک دار پالیسی کے باعث اس سمجھوتے پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکا۔