(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے سمندر میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک بار پھر فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد کشتیوں کو نقصان پہنچا تاہم اس حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل فوجی کشتیوں نے جمعہ کے روز شمالی غزہ میں سودانیہ کے مقام پر سمندر میں فلسطینی کشتیوں کو مشین گنوں سے نشانہ بنایا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی ماہی گیروں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی کے ماہی گیروں کی کشتیوں کو نشانہ بنائے جانے کا ظالمانہ سلسلہ روز مرہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ قابض کی فائرنگ اسرائیل کے سنہ 2014 ء میں مصر کی ثالثی کے تحت طے پائے اس معاہدے کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے جس میں صہیونی ریاست غزہ کے ماہی گیروں کی سمندر میں چھ کلو میٹر تک مچھلی کے شکار کاحق تسلیم کرچکی ہے۔
