غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی ناکہ بندی کے خلاف سرگرم قومی کمیٹی نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ پرعائد کردہ پابندیاں ختم نہ کیں تو فلسطینی اس کے خلاف ایک نئی تحریک شروع کر سکتے ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی عوامی کمیٹی برائے انسداد ناکہ بندی کے رکن خضر حبیب نےکہا کہ فلسطینی قوم کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ ہمارے پاس دشمن کے خلاف تحریک کے لیے کئی وسائل اور آپشن موجود ہیں۔
حالیہ تحریک کے دوران ہم نے آتشیں غباروں کا استعمال کیا جس نے دشمن کو غیر معمولی نقصان پہنچایا ہے۔ اگر غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم نہ کیا گیا تو فلسطینی قوم اسرئیل کے خلاف ایک نئی تحریک چلانے اور دیگر مزاحمتی وسائل استعمال کرنے پر مجبور ہوگی۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں 30 مارچ 2018ء سے حق واپسی اور انسداد ناکہ بندی تحریک جاری ہے۔ اس تحریک کے دوران اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں اب تک 260 فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔