قابض اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے علاقوں پر چھاپے مارے اور کسانوں پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے وہ اپنی زمینیں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔
ایک فیلڈ آبزرور نے خبررساں ادارے قدس پریس کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے خان یونس کے شمال مشرقی قصبے قرارہ پر دھاوا بول دیا اور وہاں پر موجود کسانوں پر اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے بلڈوزروں کی مدد سے زمینوں کو تباہ کرنا شروع کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجی چوکیوں میں موجود فوجیوں نے بھی فلسطینی گھروں پر مشین گنوں سے فائرنگ شروع کردی۔
دریں اثناء اسرائیلی بحریہ کی کشتیوں نے غزہ کے ساحل کے ساتھ موجود فلسطینی مچھیروں کی کشتیوں پر فائرنگ شروع کردی اور انہیں مچھلیوں کا شکار کرنے سے روک دیا۔
فائرنگ کے یہ واقعات مصر کی ثالثی میں ہونے والے امن معاہدے کی ایک بار پھر کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔