فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے اپنے دورہ مصر کے دوران مصری پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد سعد الکتاتنی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین کی موجودہ صورتحال، غزہ کی پٹی کی معاشی ناکہ بندی،
شہر میں بجلی کے بحران، بیت المقدس میں یہودی آباد کاری اور مسجد اقصیٰ کے خلاف یہودیوں کی تازہ ریشہ دوانیوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق اسماعیل ھنیہ کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئےمصری اسپیکر ڈاکٹرسعد الکتاتنی نے کہا کہ "ہم مصری اور فلسطینی ایک قوم ہیں، صرف علاقوں اور سرحدوں کے فرق سے کوئی قوم تقسیم نہیں ہو سکتی۔ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ صرف فلسطینیوں کا معاملہ نہیں بلکہ یہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصر اور دیگرعرب ممالک میں برپا ہونے والے انقلابات سے مسجد قصیٰ کی آزادی کی راہ ہموار ہو گی۔
مصری اسپیکر نے اسماعیل ھنیہ کو اپنی جانب سے مسئلہ فلسطین کےحل اور مظلوم فلسطینی عوامکی ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے مصری اسپیکر ڈاکٹر سعد الکتاتنی نے کو غزہ کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انقلاب سے قبل مصری حکومت اور سابق صدرحسنی مبارک کی سخت پالیسیوں سے فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا تھا، تاہم ما بعد انقلاب غزہ کے عوام کو سکھ کا سانس لینے کا موقع ملا۔
انہوں نے مصری حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں شہریوں کی مشکلات کے حل کے لیے ایندھن کی فوری سپلائی کی فراہمی اور دیگر شعبوں میں امداد دینے کو سراہا اور امید ظاہر کی قاہرہ غزہ کے مفلوک الحال عوام کی امداد جاری رکھے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے قاہرہ دورے کے دوران دیگر حکومتی شخصیات اور سماجی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ کل وزیراعظم قاہرہ کے تحریر چوک میں منعقدہ ایک تحفظ القدس ملین مارچ سے بھی خطاب کریں گے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین