غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے سرحد کے قریب احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں ایک کم سن بچے سمیت 3 فلسطین شہید ہوگئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جمعہ کو اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور فائرنگ کے نتیجے میں 16 سالہ لڑکے سمیت تین فلسطینی جاں بحق ہوئے۔
ادھر اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں سرحدی باڑ کے قریب تقریبا 8 ہزار فلسطینیوں نے جمع ہو کراحتجاج کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ٹائر جلائے، گرینڈ پھینکے اور سرحدی باڑ عبور کرنے کی کوشش کی جس پر فلسطینیوں پر گولی چلانا پڑی۔
اسرائیلی فوج کی ترجمان کے مطابق فلسطینیوں کے پرتشدد احتجاج کو روکنے کے لیے فوج کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا ہے۔
غزہ میں وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 سالہ محمد جحجوح گردن میں گولی لگنے سے شہید ہو گیا جب کہ ایک صحافی سمیت 25 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
بعد ازاں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید دو فلسطینی شہید ہوگئے۔ ان کی شناخت 28 سالہ عبدالعزیز ابراہیم ابو شریعہ اور 40 سالہ ماھر عطیہ یاسین بیان کی جاتی ہیں۔ غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 30 مارچ کے بعد اب تک اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غزہ میں 220 فلسطینی شہید اور 25 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔