(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مغرب میں واقع الرمل کے جنوبی علاقے میں مکہ ٹاور کو جارحیت سے نشانہ بنایا اور چند لمحوں کے نوٹس کے بعد میزائلوں کی بارش کر کے اسے زمین بوس کر دیا۔
دھماکوں کے بعد دھوئیں کے بلند بادل آسمان کی طرف اٹھتے دیکھے گئے۔یہ ٹاور درجنوں منزلوں پر مشتمل ایک رہائشی عمارت تھی جس میں سیکڑوں بے گھر فلسطینی خاندان پناہ لیے ہوئے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق عمارت کے گرد بھی سینکڑوں خیمے لگے ہوئے تھے جن میں ہزاروں مزید بے گھر فلسطینی مقیم تھے۔قابض فوج نے حملے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل رہائشیوں کو عمارت خالی کرنے کا حکم دیا اور انہیں جنوبی غزہ کے علاقے المواصی کی طرف جانے کو کہا۔
یہ وہی علاقہ ہے جسے قابض اسرائیل جھوٹا دعوی کر کے محفوظ قرار دیتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ جگہ بھی بار بار حملوں کی زد میں رہتی ہے جہاں سینکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ المواصی میں زندگی کی بنیادی ضروریات تک موجود نہیں اور لوگ بھوک، پیاس اور بیماریوں سے دوچار ہیں۔