غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کی نمائندہ قوتوں کی جانب سے امریکا کی فلسطین کے خلاف ’’ صدی کی ڈیل ‘‘ کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے ایک نیا قومی فورم تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔’فلسطینی جمہوری سوسائٹی‘ کے نام سے قائم کئے جانے والے اس فورم میں ملک کی تمام نمائندہ قوتوں اور طبقات کو نمائندگی کی دی جائے گی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’ فلسطینی جمہوری سوسائٹی ‘ کے اہم ترین اہداف میں پہلا ہدف صدی کی ڈیل کی سازش کو ناکام بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کے دیگر اہداف ومقاصد میں اسرائیلی ریاست کے ساتھ ممالک، اقوام اور اداروں کے تعلقات کے قیام کو روکنا، قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دینا، آزادی کی منزل کے حصول کے لیے قومی بیداری، فلسطینی قوم کے عزم کو مضبوط کرنا، مزاحمت کی حمایت، صیہونی آباد کاری اور غزہ کے محاصرے کا مقابلہ کرنا ہے۔ یہ فورم غزہ کی پٹی کے علاوہ دوسرے فلسطینی علاقوں اور بیرون ملک فلسطینیوں کی بھی نمائندگی کرے گا۔
قومی جمہوری سوسائٹیی میں عوامی جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین، پیپلز فرنٹ برائے آزادی فلسطین، فلسطین پیپلزپارٹی، فلسطین ڈیموکریٹک الائنس، ’فدا‘ فلسطین پروگریسیو پارٹی اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سوسائٹی کی دیگر نمائندہ شخصیات اور تنظیموں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔
گذشتہ روز فلسطین جمہوری سوسائٹی کے زیراہتمام ایک عوامی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی جماعتوں، مذہبی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے سیکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔