غزہ کی فلسطینی حکومت کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے تیونس کے صدر منصف مرزوقی کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دئیے جانے والے بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے مصری حکام سے غزہ پر مسلط محاصرہ اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ھنیہ نے "الرے” خبررساں ایجنسی کو دئیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ،” اس بیان سے تیونسی صدر اور عوام کی حق گوئی کا علم ہوتا ہے۔”
مرزوقی نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مصری حکام غزہ پر مسلط محاصرہ اٹھالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ،”مجھے امید ہے کہ مصری حکام غزہ سے افراد اور سامان کی نقل وحرکت پر عائد پابندی کو جلد از جلد اٹھا لیں گے۔”
مرزوقی نے مزید کہا کہ،”محاصرے کے شکار اس علاقے نے بہت کچھ سہہ لیا ہے ، فلسطینی عوام نے قابض اسرائیل اور یہودی بستیوں کے کافی مظالم سہے ہیں۔”
غزہ پر عائد سات سالہ اسرائیلی محاصرے کے ساتھ ساتھ مصری فورسز نے بھی غزہ اور مصر کی سرحد کے نیچے موجود سرنگوں کو تباہ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے غزہ میں تیل اور تعمیراتی سامان کی شدید قلت دیکھنے میں آرہی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین