غزہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم ضمیر فاؤنڈیشن نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کی آزادانہ تحقیقات کرکے بے گناہ فلسطینیوں کو انصاف دلائے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضمیر فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے انسانی حقوق کونسل کی تحقیقات کے مطابق فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کی آزادانہ تحقیقات وقت کی ضرورت ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے غزہ میں ملین مارچ کے شرکاء پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ میں جاری فلسطینی شہریوں کے پرامن احتجاج پر اسرائیلی فوج کی طرف سے طاقت کا استعمال بین الاقوامی معاہدوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں پر عالمی برادری کی طرف سے مجرمانہ خاموشی برتی جا رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی طرف سے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جرائم کی توثیق کے بعد بھی اسرائیلی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ ایسے میں اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کی عالمی سطح پر تحقیقات کرے۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ میں ملین مارچ کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی بچوں سمیت چار شہری شہید اور 380 زخمی ہوگئے تھے۔